سیلاب بڑی تباہی،ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے، امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان

Ambassador Masood Khan

واشنگٹن۔5ستمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نےملک میں آنے والے سیلاب کو بہت بڑی تباہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے وسیع پیمانے پر تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر امداد کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز امریکی چینل فاکس نیوز کے پروگرام ’’آن دا ہل‘‘ میں کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں بھی قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا اور ہم نے اس کا مقابلہ کیا ، اس سلسلے میں ایک نظام تشکیل دیا گیا لیکن رواں سال سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے لیے یہ نظام ناکافی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لیے30ملین ڈالر کی امددا فراہم کرنے پر امریکی حکومت و قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا سے ہمدردی اور یکجہتی کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جو قابل تعریف ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے جس کے باعث 1300سے زائد افراد جاں بحق اور 3کروڑ 30لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ ریلیف اینڈ ریسکیو کے لیے خوراک ، پناہ گاہوں ، ادویات اور خیموں پر مبنی امداد کے لیے فضائی کوریڈور یا فضائی پل قائم ہوئے ہیں کیونکہ یہ انتہائی فوری ضرورت کی اشیا ہیں، ہمیں انسانی جانوں کو بچانا ہے اس کے لیے ان اشیا پر مبنی امداد کا خیر مقدم کریں گے۔ مسعود خان نے کہا کہ امریکی ادارہ یو ایس ایڈ پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اس کے علاوہ یہاں کی متعدد تنظیموں کی جانب سےبھی پاکستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیجی جارہی ہے۔