سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے 25000 روپے بہت معنی رکھتے ہیں ، شازیہ مری

411

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری نے کہا ہے کہ فلڈ ریلیف کیش اسسٹینس کے تحت 25,000 روپے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بہت معنی رکھتے ہیں جنہوں نےحالیہ سیلاب میں اپنا سب کچھ کھو دیا ہے۔

غیر معمولی حالات کے باوجود بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مختصر عرصے میں 946813سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 23 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیراعظم نے کیش ریلیف کی تقسیم کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا انتخاب کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نقد رقم کی تقسیم کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور متعلقہ افسران امداد کی فراہمی کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے امدادی مراکز کا دورہ کر رہے ہیں۔پیر کی شام تک اس پروگرام کے تحت 946813 متاثرہ خاندانوں میں کل 23670325000 روپے کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔

بلوچستان میں 116753 متاثرہ خاندانوں کو 2918825000 روپے مل چکے ہیں۔ سندھ میں 564472 خاندانوں کو 14111800000 روپے مل چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 116962 خاندانوں کو 2924050000 روپے اور پنجاب میں 148626 خاندانوں کو 3715650000 روپے موصول ہوئے ہیں۔ آج کے دن سیلاب سے متاثرہ 22,527 خاندانوں نے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں قائم مختلف کیمپوں سے نقد امداد وصول کی ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پوگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔