سیلاب متاثرہ علاقوں میں 50 فیصد بیج وفاق اور 50 فیصد صوبے فراہم کریں گے ، این ایف آر سی سی

59

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نوازنیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی میجر جنرل ظفر اقبال کی زیر صدارت پیر کو نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ( این ایف آر سی سی ) کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران فورم کو سیلاب سے متاثرہ زرعی اراضی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔

صوبائی سیکرٹریز زراعت نے اپنے صوبوں سے متعلق پلان پیش کیا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ گندم کے 50 فیصد بیج وفاقی حکومت سپانسر کرے گی جبکہ باقی صوبوں کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔تمام اضلاع کی بیج تقسیم کرنے والی کمیٹی ضلعی انتظامیہ، وفاق اور این ڈی ایم اے کے حکام پر مشتمل ہوگی۔

فورم کو سیکرٹری خوراک نے بیج کی خریداری اور اس کی تقسیم کے بارے میں آگاہ کیا۔فورم کو ماڈل ولیجز کے بارے میں بتایا گیا جہاں گھروں کے ساتھ مسجد، بنیادی صحت کے یونٹ اور دیگر سہولیات فراہم ہونگی ۔فورم کو ماڈل ہاؤسز کے رہائشی یونٹ کے لے آؤٹ آپشنز اور لائیو سٹاک کے لیے جگہ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ۔