سیلاب متاثرین کے لئے انڈونیشیا سے 2 امدادی پروازیں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئیں، دفتر خارجہ

169

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان کےسیلاب متاثرین کے لئے انڈونیشیا سے 2 امدادی پروازیں منگل کوکراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان انڈونیشیا کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا گرمجوشی اور تشکر کے ساتھ خیرمقدم کرتا ہے۔

انڈونیشیا سے سیلاب متاثرین کے لئے پہلی امدادی پرواز منگل کی صبح کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ بعد ازاں امدادی سامان لیکر دوسری پرواز بھی کراچی پہنچ گئی۔ امدادی سامان پر مشتمل پہلی کھیپ سندھ کے صوبائی وزیر محنت سعید غنی، وزیر برائے سماجی بہبود ساجد جوکھیو، انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ٹوگیو اور قونصل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو کے علاوہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے وصول کی۔