اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے باعث پاکستان میں شدید سیلاب کو ایک بڑی تباہی قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔ فاکس نیوز کے سنڈے پروگرام ”آن دی ہل“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے جبکہ 1300 سے زائد افراد جاں بحق اور 33 ملین بے گھر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے جس پیمانے پر تباہی ہوئی ہم اس کے لیے تیار نہیں تھے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم نے ماضی میں قدرتی آفات کا سامنا کیا ہے جس کے پیش نظر ہم نے ایک اپریٹس تیار کیا تھا جو حالیہ قدرتی آفت کے لیے ناکافی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کی جارہی ہے، سیلاب سے ہونے والے نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے، حکومت متاثرہ لوگوں تک انسانی امداد پہنچانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
پاکستان کے سفیر نے انسانی ہمدردی کی مد میں 30 ملین ڈالر کی امداد پر امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکی قیادت اور سول سوسائٹی کی جانب سے یکجہتی اور ہمدردی کے پیغامات موصول ہوئے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ مسعود خان نے کہا کہہوائی راہداریوں کے ذریعے ریلیف اور ریسکیو کے لیے امداد پہنچائی جارہی ہے جس میں خوراک، پناہ گاہیں، ادویات اور خیموں کی کھیپ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیلاب زدگان کے لئے بھرپور امداد کی ضرورت ہے تاکہ اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والوں اور بے گھر افراد کو ریلیف پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ بھی شدید سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور بہت سی مخیر امریکی تنظیمیں بھی سیلاب زدگان پاکستان کو انسانی امداد بھیج رہی ہیں۔