اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں سالانہ بنیادوں پر 12.39 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبرتک کی مدت میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 104.617 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی برآمدات سے ملک کو 93.086 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
مقداری لحاظ سے اس مدت میں سیمنٹ کی برآمدات میں 18.68 فیصد کا اضافہ ہوا،جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 2857639 میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2407804 میٹرک ٹن تھیں۔اکتوبر 2024 میں سیمنٹ کی برآمدات میں 49.30 فیصد اضافہ ہوا، اکتوبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 39.423 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں،گزشتہ سال اکتوبر میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 26.405 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 38.37 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، ستمبر میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 28.490 ڈالر تھا جو اکتوبر میں بڑھ کر 39.423 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔