سیمنٹ کی کھپت میں اضافے کا سلسلہ جاری، فروخت ریکارڈ سطح4.222 ملین ٹن تک پہنچ گئی

115

کراچی ۔ 3 نومبر (اے پی پی) سیمنٹ کی کھپت میں اضافے کا سلسلہ اکتوبر 2017ءمیں بھی جاری رہا اور اس کی فروخت ریکارڈ سطح4.222 ملین ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس سے 19.71 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں یہ مقدار 3.526 ملین ٹن تھی۔ سیمنٹ کی مجموعی کھپت رواں مالی سال 2017-18ءکے ابتدائی 4 ماہ میں 14.570 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس سے 16.53 فیصد زیادہ ہے جبکہ گزشتہ سال یہ مقدار اس مدت کے لیے 12.503 ملین ٹن تھی۔ سیمنٹ کی کھپت میں یہ اضافہ برآمدات میں 16.16 فیصد کمی کے باوجود ہے ۔اکتوبر 2017ءمیں زیادہ تر کھپت میں اضافہ مقامی طلب میں اضافے کی وجہ سے رہا اور مقامی کھپت 25.61 فیصد اضافے کے ساتھ 3.779 ملین ٹن ہوگئی جو گزشتہ برس 2016ء میں اس مدت کے لیے 3.008 ملین ٹن تھی۔ تاہم، برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور یہ اکتوبر میں 14.55 فیصد کم ہو گئیں۔ گزشتہ برس برآمدات 0.518 ملین ٹن تھیں جو کم ہوکر 0.443 ملین ٹن رہ گئیں۔