اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):سینئر صحافی اور پی آر اے کے رکن طارق محمود ملک کو ان کے آبائی گائوں بلال آباد تلہ گنگ میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ مرحوم کورونا وائرس کا شکار ہو کر دوہفتوں سے ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے ۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب طبیعت زیادہ خراب ہونے پراپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم ہم نیوز کے سینئر رپورٹر اور ایک نجی یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ میں تدریسی فرائض بھی سر انجام دے رہے تھے ۔ ملک بھر کی صحافتی تنظیموں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے صحافیوں نے طارق محمود ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔