لاہور۔10 نومبر(اے پی پی)سارک چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان چیپٹر نے بھارت کی مسلسل پاکستان دشمنی بالخصوص سارک ممالک کی انیسویں سربراہی کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں پر سارک چیمبر کے بھارت کے شہر چنائی میں 10 نومبر سے شروع ہونے والے سارک ایگزیکٹو کونسل کے 76 ویں تین روزہ اجلاس میں شرکت عین وقت پر منسوخ کردی۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے ہفتے کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے خطاب میں پاکستان کی بھارت کے حوالے سے خارجہ پالیسی واضح ہوگئی تھی جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت خطے کے پسماندہ طبقات کی ترقی اور تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اگر ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم آگے بڑھے گا جس کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے متکبرانہ اور منفی طرزعمل کا اظہار کیا جس سے پاکستان کی دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش متاثر ہوئی۔