اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرشبلی فراز نے اے پی این ایس کے نو منتخب صدر سرمد علی ،ناز آفرین کو سیکرٹری جنرل،جمیل اطہر قاضی کو سینئر نائب صدر ،شہاب زبیری نائب صدر ،محسن بلال اور اویس خوشنود کو جوائنٹ اور فنانس سیکرٹریز منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
بدھ کو اپنے تہنیتی پیغام میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نومنتخب عہدے داران کا انتخاب ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور میڈیا انڈسٹری کے ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کے بنیادی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتے ہیں،آئین پاکستان کا آرٹیکل 19 اظہار رائے کی آزادی کو تحفظ فراہم کرتاہے۔
ملک میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی ترقی اور میڈیا صنعت کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات سمیت مشترکہ کاوشوں کو آگے بڑھائیں گے۔ امید ہے نومنتخب عہدیداران صحافتی برادری اور میڈیا کارکنان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گی۔