اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 51 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار 21 اور 22 جون کو منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے انتظامات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال، ایران اور دیگر علاقائی ریاستوں کے خلاف اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے بعد جنوبی ایشیا میں ہونے والی پیش رفت پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔
بیان کے مطابق نائب وزیراعظم عالمی برادری پر بھی زور دیں گے کہ وہ اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات اٹھائے اور بڑھتی ہوئی انتہا پسندی، دہشت گردی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر عصری عالمی چیلنجز سے فوری طور پر نمٹے۔ نائب وزیراعظم او آئی سی کے مقاصد اور اصولوں اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کریں گے۔ا س موقع پراسحاق ڈار او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے قبل وہ جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو "او آئی سی یوتھ فورم گرینڈ یوتھ ایوارڈ” دینے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔