
اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کو بدل کر ایک قوم بنائی اور اس کے لئے ایک آزاد وطن بھی حاصل کیا جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ اتوار کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، وزیراعظم محمد نواز شریف اور کرسمس کے موقع پر یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف ان کے مخالف بھی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اپنی کامیابی کیلئے مستحکم موقف پر زور دیا اور ہندوﺅں اور انگریزوں کے خلاف بہت بڑی کامیابی حاصل کی۔ قائداعظم نے اکیلے اپنی قوم کے ساتھ ملک کے قیام کو یقینی بنایا، ان کا عزم انتہائی بلند تھا اور وہ بڑے بااصول شخصیت تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم فولادی ارادہ کے حامل تھے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ایک غلام کو آزاد کروانے والے کیلئے ہمارے نبی کریم نے جنت کی بشارت دی ہے جبکہ قائداعظم نے 14 اگست 1947ءکو کروڑوں انسانوں کو آزادی دلوائی جو بہت بڑا کارنامہ ہے۔