اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران آیا، پاکستان کا عالمی مالیاتی ادارے کا یہ آخرج پیکیج ثابت ہو گا، ماضی کے پیکج ذاتی اور سیاسی مفادات کے لئے استعمال کئے گئے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ داروں میں اصلاحات نہ ہونے کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا، خوش قسمتی سے ملک کو ایماندار قیادت ملی ہے جو ملک کو بحران سے نکالے گی اور آئی ایم ایف سے 22 واں پیکج آخری پیکیج ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک اس سے قبل 21 پیکیج لے چکا ہے، اپوزیشن جماعتیں یہ بتائیں کہ 21 پیکج جو لئے گئے، کیا وہ ایوان میں پیش کئے گئے، ماضی میں پارلیمنٹ نے ان پیکج کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ ماہر معیشت دان ہیں، سب کو اعتماد میں لے رہے ہیں، اب ہمیں سوچنا پڑے گا کہ مزید قرضے نہ لیں، حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے سے آسان شرائط پر پیکج حاصل کیا اور مذاکرات میں کامیاب رہے۔