سینیٹر شیری رحمان کا یوم قائد پر قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت، کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تاریخی قیادت، آئینی بصیرت اور جمہوری اقدار، مساوات اور تمام شہریوں کے حقوق کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا ہے۔ قائداعظم کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر جاری اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تاریخی قیادت، آئینی بصیرت اور جمہوری اقدار، مساوات اور تمام شہریوں کے حقوق کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا ہے۔ قائداعظم کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر جاری اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کو ایک ایسی جمہوری ریاست کے طور پر تصور کیا تھا جو قانون کی حکمرانی کے تحت چلتی ہو، جہاں ہر شہری خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب، نسل یا پس منظر سے ہو، برابر کے حقوق اور تحفظ سے مستفید ہو۔

25 دسمبر ان کی سالگرہ کے موقع پر ہمیں یاد رہتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا ان کا پیغام مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے احترام پر ان کے پختہ یقین سے جدا نہیں تھا۔ انہوں نے قائداعظمؒ کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق واضح اور پائیدار عزم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقاریر اور عملی اقدامات شمولیت، رواداری اور بقائے باہمی کو مضبوط اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظمؒ کا یقین تھا کہ اقلیتیں محض محفوظ شہری ہی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی برابر کی شراکت دار ہیں، اس وژن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سینیٹر شری رحمان نے اسی روز منائے جانے والے کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو بھی دلی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ کرسمس امن، ہمدردی اور خیر سگالی کا پیغام لے کر آتا ہے، پاکستان کی مسیحی برادری نے تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور قوم کی تعمیر میں بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار اس جامع پاکستان کی عکاسی کرتا ہے جس کا تصور قائداعظمؒ نے پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مواقع مل کر باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں، ایسا پاکستان جو اپنی تنوع کی حفاظت کرتا ہے، درحقیقت قائداعظمؒ کی میراث کا احترام کرتا ہے۔ آئینی اقدار سے ازسرنو وابستگی کی اپیل کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے قائداعظمؒ کے نظریات کو پالیسی اور عمل میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا احترام، سماجی انصاف اور جمہوری طرز حکمرانی کوئی اختیاری امور نہیں بلکہ پاکستان کے وعدے کا بنیادی جزو ہیں۔