سینیٹر عطاالرحمٰن کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس سینیٹر عطاالرحمٰن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر حسنیٰ بانو، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، سینیٹر محمد اسلم ابڑو، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کمیٹی نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے پیش …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس سینیٹر عطاالرحمٰن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سینیٹر حسنیٰ بانو، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، سینیٹر محمد اسلم ابڑو، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کمیٹی نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے پیش کردہ “دی مسلم فیملی لاز (ترمیمی) بل2024” پر تفصیلی غور و خوض کیا۔

اجلاس کے دوران وزارتِ مذہبی امور نے نشاندہی کی کہ مجوزہ بل کی چند دفعات پر مزید غور بالخصوص اس شق پر جس میں کہا گیا ہے کہ باپ بچے کی مالی ذمہ داری اس وقت تک اٹھائے گا جب تک وہ بالغ نہیں ہو جاتا ،کی ضرورت ہے۔ وزارت نے وضاحت کی کہ موجودہ قوانین کے مطابق باپ پہلے ہی نابالغ یا معذور بچے کے اخراجات کا ذمہ دار ہوتا ہےلہٰذا اس شق کا ازسرِنو جائزہ لینا ضروری ہے۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ترمیم کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلاق کی صورت میں اگر بچہ مالی یا ذہنی طور پر مستحکم نہیں ہےتو یہ وضاحت ضروری ہے کہ اس کی کفالت اور مالی ذمہ داری کس کے ذمے ہوگی اور ایسے بچے کا مستقبل کیا ہوگا۔تفصیلی مشاورت کے بعد سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وزارت سے درخواست کی کہ وہ اپنے اعتراضات اور مجوزہ بل کے حوالے سے تفصیلی تحریری جواب فراہم کرے۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے لئے ایک علیحدہ اجلاس بلایا جائے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ لاء ڈویژن نے بل پر کچھ اعتراضات اٹھائے ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے استدعا کی کہ انہیں وہ تمام دستاویزات فراہم کی جائیں جن کی بنیاد پر بل پر اعتراض کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں وزارت کی جانب سے سرکاری حج اسکیم 2026 کے تحت کوٹہ اور ٹینڈر کے اجراء کے عمل، نیز حج آپریشنز کے لئے سامان و خدمات کی خریداری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔وزارت نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ حج خریداری کمیٹی کے سات اراکین ہیں اور عملہ اس وقت تکمیل کے مراحل میں ہے۔

مکمل ہونے کے بعد تمام تفصیلات کمیٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔چیئرمین کمیٹی نے ایک کیٹرنگ کمپنی کے ٹینڈر عمل سے تجربے کی کمی کی بنیاد پر اخراج کے بارے میں استفسار کیا۔ وزارت نے وضاحت کی کہ ایسے معاملات خریداری کمیٹی کے دائرہ کار میں آتے ہیں جو تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیپرا کو حتمی جانچ اور منظوری کے لئے بھجواتی ہے۔

وزارت نے مزید بتایا کہ جن کمپنیوں کے پاس پہلے سے تجربہ نہیں ہوتا انہیں عام طور پر چھوٹے ٹینڈرز دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ عملی تجربہ حاصل کر سکیں کیونکہ بڑی ٹینڈرز براہِ راست غیر تجربہ کار کمپنیوں کو دینے سے انتظامی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

وزارت نے یہ بھی بتایا کہ اس سال بولی دہندگان کو فارم بھرنے اور ٹینڈر تقاضوں کو سمجھنے میں رہنمائی دینے کے لئے ایک خصوصی ورکشاپ منعقد کی گئی۔سینیٹر بشریٰ انجم نے کہا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ آئندہ حج آپریشنز بہتر اور مؤثر انداز میں انجام پائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگلے اجلاس میں شکایت کنندہ کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ وہ کمیٹی کے سامنے اپنا مؤقف پیش کر سکے۔

مزید خبریں