کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم النصر کوایشین چیمپئنز لیگ ایلیٹ میں العین کے ہاتھوں 0-4 سے عبرتناک شکست کا سامنا

کرسٹیانو رونالڈو کو النصر میں شمولیت کے بعد اپنی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ابوظہبی۔16ستمبر (اے پی پی):کرسٹیانو رونالڈو کو النصر میں شمولیت کے بعد اپنی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ای ایس پی این کے مطابق ایشین چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے ابتدائی میچ میں متحدہ عرب امارات کے کلب العین نےکرسٹیانو رونالڈوکے النصر فٹ بال کلب کو 0-4 سے ہرا دیا۔ایشین چیمپئنز لیگ کا تاج اب تک حاصل نہ کرنے والی النصر کی ٹیم میچ کے 25 ویں منٹ میں خسارے میں چلی گئی جب حسین رحیمی نے العین کی جانب سے پہلا گول کیا۔ دو بار کی چیمپئن ٹیم العین کے اس مراکشی فارورڈ نے کھیل کے 60 ویں منٹ کے بعد اپنا دوسرا اور ٹیم کا بھی دوسرا گول داغ دیا۔

حسین رحیمی کے بھائی سفیان رحیمی نے میچ ختم ہونے سے 18 منٹ قبل تیسرا گول کیا اس کے بعد جیورجیوس جیاکوماکس نے ایک گول کر کے مقابلہ 0-4 کر دیا ۔ اپنے کیریئر کے 980 ویں گول کی تلاش میں مصروف 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو میچ کے آخری لمحات میں ایک فری کک بھی ملی، جسے العین کے گول کیپر خالد عیسیٰ نے باآسانی روک لیا۔اگست 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی برینٹ فورڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کے بعد یہ کرسٹیانو رونالڈو کی موجودگی میں کسی ٹیم کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔

النصر کے کوچ اینج پوسٹیکوگلو نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا لیکن وہ اس شکست کی ساری ذمہ داری ان پر نہیں ڈالتے، اس تمام تر ناکامی کی ذمہ داری ان کی اپنی ہے اور بحیثیت مجموعی پوری ٹیم کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔اس نتیجے کے بعد سعودی پرو لیگ کی اس اہم ٹیم کو آخری 4 میچوں میں صرف 1 کامیابی مل سکی ہے۔ دوسری جانب پہلے راؤنڈ میں سعودی عرب کے دیگر 5 کلبوں کے نتائج ملے جلے رہے، جہاں 4 بار کی چیمپئن الہلال نے قطر کے الغرافہ کلب کو 1-2 سے شکست دی، جبکہ الاہلی اور الاتحاد بالترتیب پاختاکور اور الشمال کے خلاف 1-1 سے ڈرا پر مجبور رہیں اور القادسیہ نے الوصل ک1-2 سے ہرا کر اپنی مہم کا آغاز کیا۔