سام سنگ کی دلچسپ صورتحال ، گلیکسی ایس 26 ایف ای کو ون یو آئی 9 کا ورژن حاصل ، ایس 26 الٹرا اب بھی بیٹا مرحلے میں ہے

مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’سام سنگ‘ کے رواں برس کے فلیگ شپ فونز میں دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے،اس کا نسبتاً سستا ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ نئے سافٹ ویئر ’ون یو آئی 9‘ کا مستحکم ورژن حاصل کرچکا ہے جبکہ مہنگا فلیگ شپ ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ اب بھی بیٹا مرحلے میں ہے۔

سیئول۔16ستمبر (اے پی پی):مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’سام سنگ‘ کے رواں برس کے فلیگ شپ فونز میں دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے،اس کا نسبتاً سستا ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ نئے سافٹ ویئر ’ون یو آئی 9‘ کا مستحکم ورژن حاصل کرچکا ہے جبکہ مہنگا فلیگ شپ ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ اب بھی بیٹا مرحلے میں ہے۔

اردو نیوز نے اینڈورائڈ پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ کو اگست کے آخر میں ون یو آئی 9کا اپ ڈیٹ مل چکا ہے جبکہ ایس 26 الٹرا کی قیمت اس سے تقریباً دو گنا ہے۔بظاہر یہ صورتحال حیران کن لگتی ہے، تاہم یہ کسی غلطی کا نتیجہ نہیں بلکہ سام سنگ کی نئی اپ ڈیٹ حکمت عملی کا حصہ ہے۔ماضی میں سام سنگ کی ’گلیکسی ایس‘ سیریز کو نئے اینڈرائیڈ اور ’ون یو آئی‘ اپ ڈیٹس سب سے پہلے ملتے تھے۔

 

کمپنی پہلے اپنی ایس سیریز کے نئے فلیگ شپ فونز کو اپ ڈیٹ کرتی جس کے بعد فولڈیبلز، ایف ای اور دیگر فونز تک نیا سافٹ ویئر پہنچتا تھا،تاہم گزشتہ دو جنریشنز یعنی ’گلیکسی ایس 25‘ اور ’ایس 26‘ کے ساتھ یہ ترتیب تبدیل ہو گئی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ’گوگل‘ کی جانب سے اینڈرائیڈ کے نئے ورژن جاری کرنے کے شیڈول میں تبدیلی ہے۔ماضی میں اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس عموماً اگست سے اکتوبر کے درمیان جاری ہوتے تھے جبکہ سام سنگ اپنی فولڈیبل سیریز جولائی یا اگست میں متعارف کراتا تھا۔ اس لیے نئے اینڈرائیڈ ورژن فولڈیبلز کے لانچ کے بعد دستیاب ہوتے اور ایس سیریز کو پہلے اپ ڈیٹ مل جاتا۔

اب گوگل نے اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس کی ریلیز کا وقت جون یا جولائی کے قریب کر دیا ہے، نتیجتاً سام سنگ کے فولڈیبل فونز نئے اینڈرائیڈ ورژن کے ساتھ ہی مارکیٹ میں آتے ہیں۔ اسی وجہ سے ’گلیکسی زیڈ فولڈ 7‘، ’زیڈ فلپ 7‘ اور بعد میں ’زیڈ فولڈ 8‘ اور ’زیڈ فلپ 8‘ کو نئے ون یو آئی ورژن کے ساتھ لانچ کیا گیا جبکہ ایف ای ماڈلز بھی اسی شیڈول سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔اس تبدیلی کا مطلب یہ نہیں کہ گلیکسی ایس سیریز کو کوئی نقصان ہوا ہے بلکہ فولڈیبل اور ایف ای فونز کو نئے سافٹ ویئر کے ساتھ لانچ ہونے کا فائدہ مل گیا ۔