اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر گردیپ سنگھ نے باباگرونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں سکھ یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھ برادری وزیراعظم عمران خان کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے سکھ برادری کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی مذہبی رسومات ان کے عقیدے کے مطابق ادا کرنے کیلئے کرتارپور کھولا۔
پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکھ برادری نے کہا کہ انہیں پاکستان کی سرزمین سے بہت محبت ہے کیونکہ یہ ان کے آبائواجداد کا وطن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو نے بیان دے کر سکھ برادری کے دل جیت لئے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ان کے بڑے بھائی کی طرح ہیں لیکن دوسری جانب بھارتی میڈیا ان کے بیان کو منفی انداز سے پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو نے دونوں ہمسایہ ممالک کی بہتری کی بات کی اور انہوں نے دونوں اطراف کے لوگوں کو محبت کا پیغام دیا۔