اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):ایوان بالا کے اجلاس میں پیر کو مختلف اہم ترمیمی بل ایوان میں پیش کئے گئے جنہیں قائم مقام چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیا گیا۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مزید ترمیم کا بل سینیٹر ذیشان خانزادہ نے ایوان میں پیش کیا جس میں آئینِ پاکستان میں مزید ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے یہ بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔امتناعِ ناشائستہ اشتہارات ایکٹ (ترمیمی) بل 2025،یہ بل سینیٹر افنان اللہ خان کی جانب سے سینیٹ میں پیش کیا گیا۔ اس ترمیمی بل کا مقصد اشتہارات کے مواد میں اصلاحات لانا ہے تاکہ عوامی اخلاقیات کا تحفظ کیا جا سکے۔ بل کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی (ترمیمی) بل ،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں خوراک کی حفاظت سے متعلق قانون میں ترامیم تجویز کرتے ہوئے بل ایوان میں پیش کیا۔ قائم مقام چیئرمین نے یہ بل بھی قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔
ذہنی صحت آرڈیننس 2001 میں ترمیم کا بل سینیٹر ہمایوں مہمند نے ذہنی صحت آرڈیننس 2001 میں مزید ترامیم پر مبنی بل ایوان میں پیش کیا۔ اس بل کا مقصد ذہنی صحت کے قانونی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بل کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔قومی انتظام برائے قدرتی آفات (این ڈی ایم اے) ترمیمی بل،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی نظام میں بہتری کے لیے ترمیمی بل پیش کیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے یہ بل بھی متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (ترمیمی) بل 2025،یہ بل بھی سینیٹر ہمایوں مہمند نے پیش کیا، جس میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم و رجسٹریشن سے متعلق اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔ بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔ سینیٹر فاروق حامد نائیک نےلیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز (ترمیمی) بل 2025 ایوان میں پیش کر دیا۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ بل کا مقصد بار کونسلز میں سینئر اور تجربہ کار وکلاء کو بار کونسلز کا حصہ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بار کونسلز انتخابات میں پیسے کا بےدریغ استعمال کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بار کونسلز انتخابات کی مدت میں توسیع کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، وکلاء نے قانون کی حکمرانی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کر رہے ہیں، پانچ بار کونسلز سمیت وکلاء تنظیموں کی تجاوز آ چکی ہیں، بار کونسلز کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے تمام بلز کو مزید غور و خوض اور سفارشات کے لئے متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوانے کے احکامات جاری کئے تاکہ قانون سازی کے عمل کو مؤثر، شفاف اور جامع بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598785