قومی اسمبلی میں بھارتی جارحیت پر یکجہتی، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں پیر کے روز ارکان نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک افواج کے فوری اور مؤثر ردعمل کو سراہا اور بیرونی خطرات کے مقابلے کے لئے قومی اتحاد پر زور دیا۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ دفاعی کامیابی کو "اللہ کی مدد" قرار دیا اور قوم سے کہا کہ وہ اس کامیابی …

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں پیر کے روز ارکان نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک افواج کے فوری اور مؤثر ردعمل کو سراہا اور بیرونی خطرات کے مقابلے کے لئے قومی اتحاد پر زور دیا۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ دفاعی کامیابی کو "اللہ کی مدد” قرار دیا اور قوم سے کہا کہ وہ اس کامیابی پر جشن منانے کی بجائے ایمان، توبہ اور دعاؤں کے ذریعے شکر ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف حکمت عملی یا افرادی قوت کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ اللہ کی نعمت ہے، مسلمان کا اصل ہتھیار ایمان، شکرگزاری اور استغفار ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ پاکستان کی "ریڑھ کی ہڈی”ہے اور قبائلی عمائدین کی حب الوطنی کو سراہا۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو قومی یکجہتی کے فروغ میں کردار پر سراہا اور فلسطین سے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ ہمارے دلوں میں ہے،ہم اس کے لئے بھی کھڑے ہیں جیسے پاکستان کے لئے کھڑے ہوتے ہیں۔جے یو آئی ف کے رکن نور عالم خان نے دہشت گردی کے خطرے کو اجاگر کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ پر بلوچستان میں حالیہ ٹرین حملے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے بھارت کے تخریبی کردار کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے سفارتی کوششوں پر زور دیا اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی یاد دہانی کرائی۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے بحران کے دوران سیاسی قوتوں کو متحد کرنے کے کردار کی بھی تعریف کی۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے بھارت کی انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس ) کی نظریاتی سوچ کو انسانیت کے لئے خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواج قوم کا فخر ہیں۔انہوں نے چین، سعودی عرب، ترکیہ، بنگلہ دیش اور آذربائیجان جیسے عالمی اتحادیوں کی حمایت کو بھی سراہا۔ایس آئی سی کے رکن محمد عاطف خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اسلام دشمن اور پاکستان مخالف پالیسیوں کی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ یہ فتح اللہ کی طرف سے ہے، اب ہمیں آئندہ کے لئے تیاری کرنا ہوگی۔پی پی پی کے رکن نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے بھارت کی مسلسل جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے حملوں نے نہ صرف پاکستان کی زمین بلکہ اس کے عقیدے کو بھی نشانہ بنایا۔انہوں نے بلوچستان کو قومی وحدت کی ضمانت قرار دیتے ہوئے بھارت کو صوبے میں بدامنی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن شیخ آفتاب احمد نے حالیہ واقعات کو پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان جارحیت کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بروقت اور دلیرانہ ردعمل کو سراہا اور عالمی برادری سے کشمیر تنازعہ کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رکن میاں خان بگٹی نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے خلاف آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کی ۔

 

مزید خبریں