سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کی طرف سے بین الپارلیمانی یونین کی صدر گبریلا کویس بیرن کے اعزا ز میں عشائیہ

222

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر گبریلا کویس بیرن کے اعزا ز میں گذشتہ روز عشائیہ دیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ آئی پی یو ایک اہم فورم ہے، آئی پی یو کی جمہوریت، انسانی حقوق کی سربلندی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 130 سال مکمل کرنے پر آئی پی یو کی قیادت اور رکن ممالک کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان آئی پی یو کے ساتھ تعاون اور رابطوں کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل مشترکہ ہیں اور حل بھی ہم مل کر ڈھونڈنا ہے، کوئی خطہ یا ملک آئسولیشن میں نہیں رہ سکتا، پاکستان خطہ میں امن اور ترقی کے ایجنڈے کی حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی یو اور پاکستان کا ایجنڈا امن اور ترقی کا فروغ ہے، آئی پی یو ایک بہتر کثیرالجہتی معاونتی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے، کورونا وبا کے باعث رابظہ کاری کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ آئی پی یو کی صدر کا دورہ پاکستان پر عالمی برادری اور آئی پی یو کے رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے، ہم آئی پی یو کے ساتھ پارلیمانی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور پارلیمانی سفارتکاری کو بروئے کار لاتے ہوئے مزید راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔