خپلو (گانچھے)۔23اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران نے چیئرمین سینیٹر اسد قاسم کی سربراہی میں ضلع گانچھے خپلو براہ کا دورہ کیا، جہاں کمیٹی نے گلاف۔II منصوبے کے تحت قائم کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سینٹر (CBDRMC)، ارلی وارننگ سسٹم ( ای ڈبلیو ایس) سٹیشن اور اون کے دستکاری سینٹر کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گانچھے نے کمیٹی کو گلاف۔II …
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران کا ضلع گانچھے خپلو براہ کا دورہ

مزید خبریں
خپلو (گانچھے)۔23اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران نے چیئرمین سینیٹر اسد قاسم کی سربراہی میں ضلع گانچھے خپلو براہ کا دورہ کیا، جہاں کمیٹی نے گلاف۔II منصوبے کے تحت قائم کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سینٹر (CBDRMC)، ارلی وارننگ سسٹم ( ای ڈبلیو ایس) سٹیشن اور اون کے دستکاری سینٹر کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گانچھے نے کمیٹی کو گلاف۔II منصوبے کے تحت قائم کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سینٹر کے قیام، اس کی کارکردگی اور مقامی آبادی کے ساتھ اس کے اشتراک پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مرکز مقامی آبادی کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تربیت، آگاہی اور ابتدائی امداد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔کمیٹی کو یو این ڈی پی پاکستان کے انجینئر ایان الدین اور محکمہ موسمیات پاکستان کے نمائندہ فرخ بشیر نے خپلو براہ میں نصب واٹر ڈسچارج گیج سٹیشن ای ڈبلیو ایس کے تکنیکی پہلوؤں
فعالیت اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات گلاف کی پیشگی نشاندہی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمیٹی نے سٹیشن کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چونکہ یہ سٹیشن آبادی کے وسط میں واقع ہے لہٰذا اس کے گرد حفاظتی باڑ کی بلندی، آلات کی حفاظت اور دیگر حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ نظام کا تسلسل برقرار رہے۔بعد ازاں کمیٹی نے اون کے دستکاری سینٹرکا بھی دورہ کیا جہاں مقامی خواتین کی تیار کردہ دستکاری مصنوعات اور خشک میوہ جات کا مشاہدہ کیا۔ کمیٹی کے اراکین نے خواتین کی ہنرمندی کو سراہتے ہوئے ان کے لئے جاری معاشی بااختیاری کے اقدامات کی تعریف کی۔دورے کے اختتام پر کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ گلاف۔II منصوبے کے تحت قائم نظام کی مؤثر دیکھ بھال، مقامی سطح پر استعداد کار میں اضافہ اور بروقت وارننگ کے نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقامی آبادی کو قدرتی آفات سے بروقت آگاہی اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
دورے میں سینیٹر ندیم احمد بھٹو ،سینیٹر ناصر محمود، سینیٹر عطاالحق ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ڈویلپمنٹ) سید وحید شاہ، جوائنٹ سیکرٹری کشمیر افیئرز، کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان، ڈپٹی کمشنر گانچھے، گلاف منصوبے اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں سمیت محکموں کے سربراہان شریک تھے۔








