اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محموداور کمیٹی کو ایئرپورٹ آپریشنز، ریگولیٹری امور اور مسافروں کی سہولیات میں جدت لانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز اور ایئرپورٹ منیجر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ سٹیٹ لاؤنج میں ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس صادق الرحمان اور …
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تفصیلی دورہ، ایئرپورٹ کی گنجائش 9 ملین سے بڑھا کر 25 ملین مسافر کرنے کا منصوبہ ہے، بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محموداور کمیٹی کو ایئرپورٹ آپریشنز، ریگولیٹری امور اور مسافروں کی سہولیات میں جدت لانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایئرپورٹ پہنچنے پر ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز اور ایئرپورٹ منیجر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ سٹیٹ لاؤنج میں ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس صادق الرحمان اور ڈپٹی ڈی جی سی اے اے لقمان رشید نے سینیٹرز کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے آپریشنز اور ریگولیٹری معاملات پر الگ الگ بریفنگز دی گئیں۔ایئرپورٹ منیجر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سالانہ گنجائش اس وقت 9 ملین مسافر ہے جسے ایک جامع منصوبے کے تحت 25 ملین تک بڑھایا جائے گا۔ ڈائریکٹر کمرشل نے بتایا کہ مسافروں کے لئے سی آئی پی لاؤنجز، مووی تھیٹرز، گیمنگ زونز اور مساجد کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ ڈیوٹی فری شاپس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور کار پارکنگ کے نظام کو مکمل طور پر آٹومیٹک (Automated) کر دیا گیا ہے۔سینیٹ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ نے ایشیائی ایئرپورٹس میں اپنی "3 سٹار سکائی ٹریکس ریٹنگ” کو کامیابی سے برقرار رکھا ہوا ہے۔
معائنے کے دوران سینیٹرز نے امیگریشن کاؤنٹرز، اے ٹی سی ٹاور، ایریا کنٹرول سینٹر اور فائر سٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں موجود جدید ترین انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو ) پر موصول ہونے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں ایئرپورٹ پر ماحول دوست اقدامات جیسےبارش کے پانی کو محفوظ کرنا،ایل ای ڈی لائٹنگ کا استعمال اور الیکٹرک وہیکلز متعارف کرائی گئی ہیں۔سینیٹ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کارکردگی اور ملکی سول ایوی ایشن کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اےایس ایف ) کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن اور ایئرپورٹ کے ورلڈ کلاس انفراسٹرکچر کی تعریف کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔







