اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا ہے ماحول کو بہتر بنانے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے، سیوریج سسٹم خراب ہونے کی بنیادی وجہ پلاسٹک بیگز کا استعمال ہے 14اگست سے اس پر پابندی خوش آئند ہے، وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے کو کامیاب بنانے میں عوام کا تعاون ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کے ہمراہ اپنی وزارت کے ملازمین میں کپڑے کے بیگز کی تقسیم کے موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اعظم سواتی نے کہا کہ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اپنے پیشہ ورانہ کام سے انسانیت کی خدمت کررہی ہیں جو قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھرمیں صفائی ستھرائی کی حالت انتہائی مخدوش ہے موجود حکومت اس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس کے علاوہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کرادار اس حوالے سے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں پولی تھین بیگز کے استعمال کو کم کرنے کے لئے دہائیوں پہلے اقدامات لئے جاچکے ہیں۔ہمارے ملک میں14اگست سے ابتدائی طور پر جو وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگانا قابل فخر کوشش ہے۔انہوں نے کہاکہ پلاسٹک بیگز سے نہ صرف سیوریج سسٹم خراب ہوتا بلکہ اس کے دیگر اثرات سے زیرزمین پانی پر بھی متاثر ہو رہا ہے۔انہوں کہاکہ ماحول کی بہتری کے لئے خیبرپختونخوا میں بہت اقدامات شروع کردیے گئے تھے جب اقبال سواتی کے پی کے کے چیف کنزرویٹر آفیسر تھے انہوں نے جنگلات کے تحفظ اور شجر کاری کے لئے انقلابی اقدامات کئے تھے اور یہ سلسلہ بلین ٹری سونامی منصوبہ کی صورت میں جاری ہے۔