اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی کاوشوں سے سیو غزہ کمپین کے شرکا نے41 روز سے اسلام آباد میں جاری سیو غزہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی سربراہی میں سیو غزہ کمپین کے عہدیداروں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فلسطین کیلئے ہر پاکستانی کے دل میں وہی بات ہے جو آپ کے دل میں ہے ، ہمیں ان کے کسی مطالبے پر اعتراض نہیں ہے، پاکستان اس ضمن میں پہلے ہی بھر پور کردار ادا کر رہا ہے، ہم ان کی سفارشات پر بھی عملدرآمد کریں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دھرنے کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ میں جاں بحق ہونے والے کیلئے دعا گو ہیں،جاں بحق ہونے والے افراد کو انصاف ضرور ملے گا۔
سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ڈی آئی جی آپریشنر علی رضا نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔