اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی فراہمی کو ممکن بنا کر پاکستان کے ہر شہری تک اس کی رسائی یقینی بنائی جا سکتی ہے،ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل سوسائٹی اور ڈیجیٹل گورننس کے لیے ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کی منظوری سنگ میل ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نےجمعرات کو انڈسٹری گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس مستقبل کی ڈیجیٹل پالیسیوں کی بنیاد رکھنے والی مشاورت ہے، انٹرنیٹ اب صرف سہولت نہیں بلکہ ایک لائف لائن اور قومی ترقی کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نےکہا کہ ایس سی او اور یو ایس ایف جیسے ادارے دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ کی فراہمی کو ممکن بنا کر پاکستان کے ہر شہری تک رسائی یقینی بنائی جا سکتی ہے، ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل سوسائٹی اور ڈیجیٹل گورننس کے لیے ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کی منظوری سنگ میل ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر عملی اقدامات اٹھائے، وزیراعظم ہر ہفتے کیش لیس اکانومی پر ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ ڈیجیٹل ترقی کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب ہر شہری کے پاس قابلِ اعتماد اور مستحکم انٹرنیٹ دستیاب ہوگا متحدہ حکمتِ عملی کے تحت انویسٹر میپنگ کے ساتھ اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے فیڈ بیک لوپس مکمل اور تیز رفتار طریقہ کار مؤثر ہونے چاہئیں، عوامی آگاہی اور صلاحیتوں کی تعمیر پر بھی مکمل توجہ دینا ہوگی۔