سیکرٹری جنرل آر آئی یو جے ورکرز سید بلال عزت کا مری میں قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ کن اقدامات پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر

280
Secretary General RIUJ

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس( آر آئی یو جے ) ورکرز کے سیکرٹری جنرل سید بلال عزت نقوی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مری میں اراضی قبضہ مافیا کے خلاف جرأت مندانہ اور فیصلہ کن اقدامات پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک بیان میں سید بلال عزت نقوی نے زمینوں پر قبضے کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جرأت مندانہ قیادت کی تعریف کی کیونکہ ان سرگرمیوں سے بہت سے قانون پسند شہریوں کی سرمایہ کاری اور جائیدادوں کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے وزیراعلی ٰ کی ہدایت پر پولیس کمان میں اہم تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے رہائشیوں اور مختلف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے اراکین میں اعتماد بحال ہو نا شروع ہو گیا ہے۔

سید بلال عزت نقوی نے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور پاکستان بھر کی تاجر برادری کو فائدہ پہنچانے والے اہم فیصلے کرنے میں وزیر اعظم شہباز شریف کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےکہاکہ انصاف کے لئے وزیر اعظم کے عزم اور کاروباری برادری کے لئے ان کی حمایت نے ہمیں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ ہماری سرمایہ کاری اور معاش کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔نہ صرف مری بلکہ پورے ملک میں لینڈ مافیا کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کوششیں واقعی قابل ستائش ہیں۔سید بلال عزت نقوی نے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو ان ممبران کے ذریعے بنائی جاتی ہیں جو اپنی محنت سے کمائی گئی رقم اپنے خاندانوں کے لئے پلاٹوں کے حصول میں لگاتے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر حکومت زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی تو ان سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری پولیس اور ریونیو کے محکموں میں اس مافیا اور ان کے حامیوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہونے پر حکومت پاکستان کی شکرگزار ہے، حکومت کے اقدامات ان تمام لوگوں کے لئے امید کی کرن ہیں جو انصاف اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی یو جے ورکرز دیگر متعلقہ شہریوں کے ساتھ ان مجرمانہ نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور پاکستان میں تمام سرمایہ کاروں اور رہائشیوں کے لئے محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت میں کھڑے ہیں۔