سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا الحدیدہ میں 75 مبصرین کی تعیناتی کا مطالبہ

69

اقوام متحدہ ۔ 10 جنوری (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے شہر الحدیدہ اور اس کی بندرگاہ پر چھ ماہ کے لیے 75 مبصرین کی تعیناتی کی منظوری دے تا کہ جنگ بندی اور دونوں فریقوں کی فورسز کی نئی صف بندی کی نگرانی کی جا سکے۔گوٹیرس نے مزید کہا کہ زیادہ تعداد پر مشتمل نگرانی مشن یمن میں کمزور سیاسی عمل کی معاونت میں کردار ادا کریں گے۔ یہ مطالبہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی جانب سے بدھ کے روز سلامتی کونسل میں یمن کی صورت حال سے متعلق رپورٹ پیش کیے سے قبل سامنے آیا ہے۔سلامتی کونسل کو انتونیو گوٹیرس کے حالیہ مطالبے کے حوالے سے 20 جنوری تک کوئی قدم اٹھانا ہو گا ۔