سیکرٹری جنرل جی سی سی سے عراقی پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا

160

ریاض۔8جولائی (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی سے عراقی پارلیمنٹ کے وفد نے ریاض میں ملاقات کی اور تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے متعدد امور بارے تبادلہ خیال کیا ۔ اردو نیوز کے مطابق عراقی وفد کی سربراہی شیخ شعلان عبدالجبارعلی کریم نے کی، وفد میں کریم علیوی، جاہوش حسنین الخفاجی اور ڈاکٹر یاسین العیثاوی شامل تھے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جی سی سی اور عراق کے تعلقات مضبوط ہیں، عراق کا استحکام، سالمیت، مکمل خود مختاری، اس کی عرب شناحت اور قومی اتحاد انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتی کونسل کے اجلاس میں عراق بارے جی سی سی کا مستقل موقف، فیصلوں اور عراق میں سلامتی و استحکام کے حصول کےلیے جاری تمام کوششوں کی حمایت بھی اس کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی سی سی اور عراق دونوں موجودہ تعاون کو اس طرح بڑھانے کے منتظر ہیں جس سے فریقین کو ان کے مشترکہ مفادات کے مطابق فائدہ پہنچے۔