سیکرٹری خارجہ کیمرون میں او آئی سی کے وزراء خارجہ اجلاس کو غزہ میں جاری نسل کشی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

74
ایران پر اسرائیل کے حملوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستان سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ بیان

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کیمرون کے شہر یائونڈے میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے وزراء خارجہ کی کونسل کے 50 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ او آئی سی وزراء خارجہ کی کونسل کو غزہ میں جاری نسل کشی اور وہاں کی سنگین انسانی صورتحال، خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی جو مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے خطرہ ہے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ امت کی یکجہتی اور اتحاد کے تقاضوں، دنیا کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور دیگر عصری عالمی چیلنجز کے مسائل پر بھی روشنی ڈالیں گے۔