"سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے حضرت امام حسینؓ اور رفقا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔”
سیکرٹری داخلہ پنجاب کا محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
لاہور۔3اگست (اے پی پی):سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے حضرت امام حسین و رفقا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخش کے عرس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم عاصمہ اعجاز چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب نے مرکزی کنٹرول روم سے حضرت داتا گنج بخش کے عرس اور مختلف اضلاع میں جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں قائم ضلعی کنٹرول رومز میں براہِ راست رابطہ کیا اور سکیورٹی انتظامات و فیلڈ میں صورتحال بارے رپورٹس لیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو صوبہ بھر میں کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں چہلم کے موقع پر 869 مجالس اور 494 جلوس منعقد ہوں گے جبکہ پولیس کی معاونت کیلئے مختلف اضلاع میں پاک فوج کی 15 اور رینجرز کی 28 کمپنیاں تعینات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کا مرکزی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے اور صوبہ بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم اور عرس کے موقع پر سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو فول پروف بنایا جا رہا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے متعلقہ اداروں کو محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں پوری طرح مستعد رہیں اور تمام زائرین اور عزاداروں کی بحفاظت واپسی تک اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دیتے رہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں معزز علما کرام مثالی کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی کاوشیں امن و امان کے قیام میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کا سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ واریت میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں کر رہا ہے۔ حکومت پنجاب فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پاکستان کو محفوظ، مستحکم اور پرامن بنانے کیلئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔









