آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جی سکس( چہلم حضرت امام حسین ؑو شہدائے کربلا) کے مرکزی جلوس کے دوران بہترین سیکورٹی انتظامات پر تمام افسران و جوانوں کو شاباش دی
آئی جی اسلام آباد کی چہلم کے مرکزی جلوس کی بہترین سیکورٹی پر افسران و جوانوں کو شاباش

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جی سکس( چہلم حضرت امام حسین ؑو شہدائے کربلا) کے مرکزی جلوس کے دوران بہترین سیکورٹی انتظامات پر تمام افسران و جوانوں کو شاباش دی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد جی سکس چہلم کا مرکزی جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد انتظامیہ، پاک رینجرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی پر موجود تمام اداروں کے درمیان بھرپور ہم آہنگی رہی۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ فورس نے جس ہمت و حوصلے سے ڈیوٹی سرانجام دی وہ قابل تحسین ہے۔ مرکزی جلوس کے لیے 3000 سے زائد افسران تعینات رہے جن میں مرد و خواتین افسران شامل تھے۔ ضلعی پولیس، انوسٹی گیشن، سی آئی اے، سی ٹی ڈی اور پانچوں ڈویژنز متحرک رہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جلوس کی سکیورٹی کے لیے اندرونی و بیرونی کارڈن، فلینکنگ اور روف ٹاپ سکیورٹی لگائی گئی تھی۔ جلوس کو 7 لیئرز سکیورٹی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے الرٹ ہے۔







