پاکستان پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کیلئے باعث فخر اور ہر پاکستانی کیلئے قابل احترام رہیں گی، صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم شہدائے پولیس پر پیغام

"صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور ہر پاکستانی کے لیے قابلِ احترام رہیں گی۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پولیس کے ان بہادر افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل وابستگی اور قومی خدمت میں دی گئی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر اور ہر پاکستانی کے لیے قابل احترام رہیں گی۔

یوم شہدائے پولیس پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دے رہی ہے، ہدفی کارروائیوں کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس نے جرائم پیشہ اور انتہا پسند عناصر کے نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزاء ہے کہ ہمارے پولیس اہلکار معصوم جانوں کے تحفظ، قانون کی بالا دستی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بے مثال قربانیوں کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے ہمارے پولیس افسران اور اہلکاروں کی غیر معمولی بہادری اور قربانیوں کا دل کی گہرائیوں سے معترف ہوں، دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کے خلاف کارروائیوں میں ان کا موثر اور فیصلہ کن کردار قومی سطح پر قابل ستائش ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کو پوری قوم انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان معزز خاندانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پولیس سے وابستہ اداروں کو مضبوط، جدید اور موثر بنایا جائے گا، اس مقصد کے لیے بہتر تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں اعتماد، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں پاکستان پولیس کے ان بہادر سپوتوں اور خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر، اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار کے ساتھ، وطن کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس ہمارے معاشرتی ڈھانچے کا ایک بنیادی ستون ہے، وہ نہ صرف قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے محافظ ہیں بلکہ عوام کے اعتماد، سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے بھی امین ہیں، ان کی انتھک خدمات وہ استحکام فراہم کرتی ہیں جس پر خاندانوں، کاروباری سرگرمیوں اور قومی اداروں کی ترقی و خوشحالی استوار ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جب اس حقیقت کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ ایک محفوظ، پرامن اور منصفانہ معاشرہ ہی قومی ترقی اور اجتماعی خوشحالی کی بنیاد ہے، ہم اپنی پولیس فورس کے ان بہادر افسران اور اہلکاروں کے بے لوث جذبے، غیر معمولی جرأت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستانی عوام کا مستقبل محفوظ ہے۔