اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل راجپوت سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت یاسمیتسو کنوشیتا کر رہے تھے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ اور جائیکا کے درمیان پاک جاپان سرمایہ کاری کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی مہیا کرنے کےبارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ دونوں ادارے تعاون کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔جائیکا پاکستان کے اقتصادی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے منظر نامے کو تقویت دینے اور علاقائی و بین الاقوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے جس سے براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔