راولپنڈی۔13اگست (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ۔ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے پریس ریلیز کے مطابق 12/13 اگست 2023 کی درمیانی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، جس کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ سمیت اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا،جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل بالخصوص خودکش دھماکوں میں سرگرم رہے۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی محمد شعیب (عمر 24 سال، ساکن ڈسٹرکٹ کوہاٹ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔