راولپنڈی ۔9اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے ایف سی کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بدھکو صبح سویرے ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر عرف عماری کو بھی جہنم واصل کر دیا۔ہلاک دہشت گرد ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے سمیت کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان شہید ہوئے، 39سالہ حوالدار جمشید خان شہید ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ہیں۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی پر آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔