سی ای او ریلوے محمد حفیظ اللہ کا لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ، ڈویژنل افسران کی بریفنگ

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا جہاں ڈویژنل افسران کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں،آپریشنل امور اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

لاہور۔16جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا جہاں ڈویژنل افسران کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں،آپریشنل امور اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران سی ای او پاکستان ریلوے نے سٹیشن پر صفائی ستھرائی، انتظامی امور اور مسافر سہولتوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔اس موقع پر واضح کیا گیا کہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایات کے مطابق ڈویژنل افسران مسافروں کو بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں۔

سی ای او پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافر پاکستان ریلوے کا قیمتی سرمایہ ہیں تاہم ان کی سہولت اور محفوظ سفر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ٹرینوں کی بروقت آمد و روانگی کے ساتھ ساتھ محفوظ ٹرین آپریشن کو اولین ترجیح قرار دیا۔دورے کے موقع پر ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرا، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا، ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرز غلام مرتضی اور رانا جواد، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محمد عالم، سعید افضل اور دیگر متعلقہ افسران و عملہ بھی موجود تھا۔