سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی اور سینئر سول جج کریمنل ڈویژن محمد جمیل بھٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے ڈیجیٹل چالانوں کی عدم ادائیگی کرنے والے شہریوں کی تعداد 7 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی،سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی اور سینئر سول جج کریمنل ڈویژن لاہور محمد جمیل بھٹی کے درمیان نادہندہ ڈیجیٹل چالانوں کی وصولی اور قانونی کارروائی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے ڈیجیٹل چالانوں کی عدم ادائیگی کرنے والے شہریوں کی تعداد 7 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی،سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی اور سینئر سول جج کریمنل ڈویژن لاہور محمد جمیل بھٹی کے درمیان نادہندہ ڈیجیٹل چالانوں کی وصولی اور قانونی کارروائی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نادہندہ ڈیجیٹل چالانوں کی وصولی کے لیے محکمہ ایکسائز کو مراسلہ ارسال کیا جائے گا جبکہ نادہندہ چالانوں کی ادائیگی تک متعلقہ گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔سی ٹی او نے بتایا کہ ڈیجیٹل چالان کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں دس روز بعد چالان متعلقہ عدالت میں منتقل ہو جاتا ہے، جس کے بعد عدالت کی جانب سے نادہندگان کو ان کے گھروں پر سمن بھجوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 8 ہزار 560 ڈیجیٹل چالان نادہندگان کو عدالتی سمن بھجوائے جا چکے ہیں۔

سمن کے ذریعے شہریوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے واجب الادا چالان جمع کروائیں اور عدالت میں جمع شدہ دستاویزات واپس حاصل کریں۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ متعدد شہری ڈبل جرمانہ عائد ہونے کے بعد اپنی ضبط شدہ دستاویزات واپس لینے کے لیے عدالتوں سے رجوع نہیں کرتے، جس کے باعث چالانوں کی وصولی اور قانونی کارروائی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ماضی میں بعض شہری ڈبل جرمانے کی ادائیگی سے بچنے کے لیے نیا شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی کوشش کرتے تھے، تاہم اب نادہندہ چالانوں کی وصولی کے لیے موثر قانونی اور انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل چالان کو نظرانداز کرنے کے بجائے مقررہ مدت کے اندر جرمانہ ادا کریں تاکہ اضافی جرمانے اور عدالتی کارروائی سے بچا جا سکے،ٹریفک قوانین کی پابندی محفوظ سفر کی ضمانت ہے، جبکہ ڈیجیٹل چالان کی بروقت ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں