چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا اعلان کر دیا ۔
سی ٹی او لاہور کا بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔23جون (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا اعلان کر دیا ۔ انہوں نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بغیر ہیلمٹ کوئی موٹرسائیکل شہر میں داخل نہیں ہوگا، مال روڈ، جیل روڈ،کینال روڈ،مین بلیوارڈ روڈ پر موٹرسائیکلسٹ کو چلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، اس سلسلے میں ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو شہر کے تمام داخلی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 139 ٹریفک حادثات میں 96 موٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سر پر لگنے والی چوٹیں اموات کی سب سے بڑی وجہ قرار دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت انفورسمنٹ کا مقصد ریونیو جنریٹ کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی زندگیاں بچانا ہے، جان لیوا حادثات میں 73 فیصد موٹرسائیکل سوار شامل ہوتے ہیں اس لیے ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔لاہور میں رجسٹرڈ 82 لاکھ گاڑیوں میں سے 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں ہیں جو ٹریفک حادثات میں بھی سرفہرست ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے 40 فیصد ہیڈ ٹراما میں کمی ہوئی،مزید کمی لانا ہوگی۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چالان کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ پہنیں کیونکہ ہیلمٹ اور لین لائن ڈسپلن محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔








