چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او ) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نےچہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا علی ہجویری کے سالانہ عرس کے سلسلے میں کیے گئے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا
سی ٹی او لاہور کا مختلف مقامات کا دورہ،چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔4اگست (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او ) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نےچہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا علی ہجویری کے سالانہ عرس کے سلسلے میں کیے گئے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈی ایس پی راشد حیات، ڈی ایس پی یاسین بھٹی اور ڈی ایس پی مبین نےسی ٹی او لاہور کو ٹریفک پلان اور انتظامات پر بریفنگ دی۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ جلوس اور عرس میں شرکت کرنے والے زائرین اور شرکا کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی گاڑی یا بس کو مین شاہراہ پر کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی اور ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لیے کچہری چوک، بھاٹی چوک اور پیر مکی سے داتا دربار جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھے گئے ہیں جبکہ عرس و چہلم کے جلوس کے باعث 19 مقامات سے ٹریفک کو ڈائیورٹ کیا گیا ہے۔
ٹریفک ڈائیورشن کے اہم مقامات میں میلاد چوک، اکبری گیٹ، شاہ عالم چوک، موری گیٹ، ٹیکسالی چوک، آزادی فلائی اوور، کچہری چوک اور پیر مکی شامل ہیں۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ زائرین اور عزاداروں کی آسانی کے لیے پارکنگ سٹینڈز قائم کیے گئے ہیں۔ دودھ والی تمام گاڑیوں، ریڑھیوں اور رکشوں کو آزادی فلائی اوور اور پیر مکی سے سبیلوں تک پہنچنے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ قصور، کاہنہ، برکی روڈ اور جی ٹی روڈ سے آنے والی گاڑیوں کو رنگ روڈ کے ذریعے آزادی فلائی اوور کی جانب بھیجا جا رہا ہے جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بعض مخصوص روڈز کو عام ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز اور 900 وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈائون گاڑیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔








