محکمہ انسدادِ دہشت گردی پنجاب نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ریاست دشمن سرگرمیوں کے خلاف صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کا دہشت گردی کے خلاف کریک ڈائون

مزید خبریں
لاہور۔1اگست (اے پی پی):محکمہ انسدادِ دہشت گردی پنجاب نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ریاست دشمن سرگرمیوں کے خلاف صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران422 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ مختلف کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے54 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی (را) سے تعلق رکھنے والے عناصر بھی شامل ہیں۔
ان میں وارث خان،دانش علی کو لاہور، روز علی خان، ولایت شاہ اور محمد عزیز کو اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں دشمن عناصر کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کا اہم حصہ ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔اس کے علاوہ گرفتار افراد میں داعش، القاعدہ برصغیر، لشکرِ جھنگوی، سپاہ صحابہ، فتنہ الخوارج اور دیگر کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے عناصر بھی شامل ہیں، جنہیں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، ساہیوال، منڈی بہائوالدین، پاکپتن اور بہاولپور سمیت مختلف اضلاع سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ آٹھ ہفتوں کے دوران مقامی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے13 ہزار572 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں4 لاکھ94 ہزار 642 افراد کی جانچ پڑتال،1103 گرفتاریاں، 1070 مقدمات کا اندراج اور977 مختلف نوعیت کی برآمدگیاں عمل میں آئیں۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور پنجاب کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








