سی پیک اور بی آر آئی کا 2025 میں ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا،محمد ضمیر اسدی

155
سی پیک اور بی آر آئی کا 2025 میں ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا،محمد ضمیر اسدی

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):چائنا انٹرنیشنل پریس کمیونیکیشن سینٹر کے ریسرچ فیلو محمد ضمیر اسدی نے کہا ہے کہ سی پیک ( چین پاکستان اقتصادی راہداری) اور بی آر آئی (بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو) 2025 میں ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا۔منگل کو’’ اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس منصوبے کو پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت میں نئی جان ڈالنے اور خطے کی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2025 میں اس منصوبے کے تحت نئے مواقع پیدا ہوں گے جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی آر آئی ایک عالمی منصوبہ ہے جو ممالک کو اقتصادی اور سماجی طور پر جوڑنے کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، اور سی پیک اس کا ایک اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک (چین-پاکستان اقتصادی راہداری) منصوبے پاکستان میں اقتصادی ترقی کا ایک اہم محرک ہے۔

اس کے تحت بنیادی ڈھانچے، توانائی، اور صنعتی ترقی کے مختلف منصوبے شامل ہیں، جو سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں، سڑکوں، ریلوے، اور بندرگاہوں کی تعمیر و ترقی سے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہوگی، جو سرمایہ کاروں کو متوجہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں، جو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کرتے ہیں۔