سی پیک فری زون فیزون میں 1200 ملازمتیں آچکی ہیں، چین کی سرمایہ کاری سے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ بنے گا،چیئرمین سی پیک اتھارٹی

78

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفیٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک فری زون فیزون میں 1200 ملازمتیں آچکی ہیں، کورونا وائرس کی وبا سی پیک کے لیے بڑا امتحان تھی جس میں کامیابی سے نکل گئے، گوادرپورٹ کا قومی اور مقامی معیشت پر بڑا اثر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سی پی اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ میں سی پیک کے ہر منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں اور آپریشنل ایشوز پر بھی ہماری نظر ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کا سی پیک منصوبوں پر اعتماد کم نہیں ہوا ہے اور نہ ہی سی پیک پر کام رکا یا سست روی کا شکار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مغربی روٹس کے علاقوں میں روزگار کے مسائل ہیں۔

سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی بہتر ہے اور کوئی منصوبہ رکا نہیں ہے ۔ چیئر مین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ اکثر مسائل سرحد پار سے ہیں جبکہ ایران، افغانستان سرحد 60 فیصد سیل کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چین کی سرمایہ کاری سے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ بنے گا ، ‏کورونا سی پیک کیلئے بڑا امتحان تھا، جس سے ہم کامیابی سے نکل گئے۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ‏ماہی گیروں کیلئے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے،کسی کی طرف دیکھے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں۔