اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات سمیع سعید نے کہا ہے کہ سی پیک کو دس سال ہو گئے، اب تک سی پیک کے تحت 31 مختلف منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، ان منصوبوں پر 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی،ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ نگران وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سی پیک کو دس سال ہو گئے جس دوران متعدد منصوبے کامیابی سے مکمل کئے گئے۔ وزیر اعظم پاکستان آئندہ ہفتے بیجنگ میں منعقد ہونے والی بی آر آئی کانفرنس میں سی پیک سے متعلق وزرا اور حکام کے ہمراہ شرکت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں معدنیات اور قدرتی وسائل پر تحقیق کے لئے جدید ارتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ یہ سنٹر چین کے تعاون کے ساتھ معدنیات کے شعبے کو جدید بنانے اور اس میں قیمتی وسائل کی تلاش کیلئے کام کرے گا۔ بی آر آئی اقدام اکیسویں صدی میں معیشتوں کو جوڑنے اور قوموں کے درمیان اشتراک عمل کے ذریعے خوشحال کے حصول کا اہم اقدام ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ پاکستان میں ایک ماہ قبل تعینات ہونے والے چینی سفیر کی سی پیک پر گہری نظر اور معلومات مجھ سے بھی زیادہ ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دیرینہ و مضبوط تعلقات ہیں۔اب تک سی پیک کے تحت 31 مختلف منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ ملک میں 4 خصوصی صنعتی زونز بنائے گئے۔ چین کے ساتھ زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی ، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔سی پیک کے ذریعے سماجی شعبوں کی جدت اور بہتری کیلئے بھی کام کیا جائے گا۔
سمیع سعید نے کہا کہ بی آر آئی کے تحت معاشی ترقی کو فروغ دینے کا بڑا منصوبہ ہے۔ چین کے ساتھ زراعت کو جدید بنانے اور ماحولیات کے منصوبوں پر کام کرنے سے درپیش موسمیاتی چیلنجز سے عہدہ براہ ہو نے میں مدد ملے گی۔ تقریب سے قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دس سال ترقی کا سفر ہیں۔