راولپنڈی۔8اپریل (اے پی پی):سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔ سی پی او نے تھانہ چکلالہ کے علاقہ میں ڈاکو شکیل کیانی کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام سے نوازا۔ انہوں نے ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی، ایس ڈی پی او سول لائنز میاں افضال شاہ، ایس ڈی پی او کینٹ مرزا جاوید اقبال کو تعریفی لیٹر دیئے۔
سی پی او نے ایس ایچ او چکلالہ، ایس ایچ او مورگاہ، ایس ایچ او نیو ٹاؤن و دیگر افسران و اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو شکیل کیانی گھروں میں ڈکیتی کے بین الاضلاعی گینگ کا سرغنہ تھا جو جرائم پیشہ عناصر میں کنگ آف ہاؤس رابری کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ہلاک ڈاکو راولپنڈی، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، وہاڑی اور بہاولپور کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری تھا۔ ہلاک ڈاکو نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے آصف کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بھی بنا رکھا تھا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ امن وامان کا قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کے لیے راولپنڈی پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579675