سی پی ایل، گیانا ایمیزون واریئرز نے جمیکا تلاوا کو7 وکٹوں سے ہرا دیا

124
کرکٹ

گیانا۔14ستمبر (اے پی پی): پاکستانی کرکٹر صائم ایوب کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت گیانا ایمیزون واریئرز نے کیریبین پریمیئر لیگ کے 25ویں میچ میں دفاعی چیمپئن جمیکا تلاوا کو 7وکٹوں سے شکست دے دی ۔گیانا ایمیزون واریئرز کی لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں یہ چھٹی فتح ہے۔

فاتح گیانا ایمیزون واریئرز کی ٹیم دفاعی چیمپئن جمیکا تلاوا کی جانب سے ملنے والا 153 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ گیانا ایمیزون واریئرز کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 5 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 85 رنز سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پروویڈنس سٹیڈیم، گیانا میں کھیلے گئے سی پی ایل کے 25ویں میچ میں گیانا ایمیزون واریئرز کے کپتان عمران طاہر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دفاعی چیمپئن جمیکا تلاوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بناکر گیانا ایمیزون واریئرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 153 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان برینڈن کنگ 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی کرکٹر عماد وسیم نے 18 رنز بنائے۔ گیانا ایمیزون واریئرز کے ڈوین پریٹوریئس نے دو جبکہ عمران طاہر، روماریو اور موٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستانی کرکٹر صائم ایوب کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت گیانا ایمیزون واریئرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے دفاعی چیمپئن جمیکا تلاوا کو میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔

صائم ایوب نے 85 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ،میتھیو نینڈو 37 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ جمیکا تلاوا کی طرف سے کرس گرین اور سلمان ارشاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستانی کرکٹر صائم ایوب کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔