اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے مطالبے پر سی ڈی اے بورڈ نے حج پر جانے والے ملازمین کی تعداد50 سے بڑھا کر 60 کرنے کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔بدھ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ ہر سال 50کی بجائے 54مرد اور 6خواتین بمعہ محرم حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ اس سے قبل ادارے کے 48ملازمین اور 2خواتین بمعہ محرم فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے جاتے تھے۔
سی ڈی اے مزدور یونین کے مطابق اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمدیٰسین نے حج کوٹہ میں اضافہ کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا،بورڈممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ حج کوٹہ میں اضافہ چیئرمین سی ڈی اے کا احسن اقدام ہے جس پر ہم چیئرمین سی ڈی اے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ملازمین کے باقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔اس سلسلے میں سی ڈی اے مزدور یونین اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ ملازمین کے مسائل مزدور یونین کے دور اقتدار میں حل ہوئے ہیں،حج پالیسی پیشہ ورلیڈر کے دور اقتدار میں بند ہوئی اور الحمدللہ 2006میں پہلی دفعہ بطور سی بی اے کامیابی حاصل کرنے کے بعد حج پالیسی بحال کرائی اورپانچ ملازمین کو حج کا فریضہ اداکرنے کے لئے روانہ کیا گیا اور آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 60 ملازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح وبہبوداور ان کی بلاتفریق خدمت ہے، سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور مزدوروں کی خدمت کے جذبے کو اسی طرح جاری رکھے گی اور جلد ہی مزدوروں کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔