سی ڈی اے کا عید الاضحی پر 63 ہزار ا ٓلائشیں تلف کرنے کا کامیاب آپریشن

72

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایات پرڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں اس سال قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں اٹھانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے اور تقریباً 63 ہزار سے زائد قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور محفوظ طریقے سے تلف کرنے کا کامیاب آپریشن کیا جن کا وزن تقریباً 11 سو ٹن بنتا ہے۔ اس ضمن میں 40 مختلف مقامات پر 90 سے زائد گہرے گڑھے کھودے گئے جہاں پر سائنسی بنیادوں پر قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں کو تلف کیا گیا۔

سی ڈی اے کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق عید قرباں کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر کو چار زون میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا، سیدپور اور بری امام، فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اورجی ایٹ۔ زون ٹو میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون وغیرہ۔زون تھری میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون وغیرہ جبکہ زون فور میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹاؤن، راول ٹاؤن، مارگلہ ٹاؤن، لہتراڑ روڈ، بھارہ کہو وغیرہ پر مشتمل تھا۔

اس سلسلے میں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عید کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں تھیں اور تمام عملے نے اپنے بچوں اورخوشیوں کو بالائے طاق رکھ کرہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کرکے شہر کو صاف رکھنے کے لئے کام کیا۔ اس خصوصی اور ہنگامی آپریشن میں تقریباً 2 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف اور افسران نے اپنے فرئض سر انجام دئے۔

جبکہ تقریباً دوسو سے زائد گاڑیاں ٹریکٹر ٹرالیاں، کمپیکٹر، ٹرک، ڈمپر، شاول اور ڈوزر وغیرہ اس مہم میں شامل تھیں۔ مزید برآں دو ایمرجنسی سیل، ایک سینی ٹیشن کے مرکزی دفتر جی سکس ون فوراور دوسرا فائر ہیڈ کوارٹرز میں قائم سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ٹرانسپورٹ سیل بنائے گئے تاکہ کسی بھی قسم کی شکائت کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن 1334یا051۔9213908اور0519211555،051۔9203216یا موبائل نمبر03355001213 برائے واٹس ایپ میسج اور ایس ایم ایس بھی لانچ کئے گئے۔ صفائی آپریشن کو بلاتعطل جاری رکھنے کے لئے تمام عملہ کو ان کے اپنے کام والی جگہ تک عید قرباں کے پہلے دو روز کھانا مہیا کیا گیا۔اس اپریشن کے تین حصے تھے۔

ایک سینٹری ورکرز گلی گلی ہر دروازے سے الائشیں اکھٹی کر رہے تھے اور ان کو ایک مقام پر اکھٹا کر رہے تھے۔ دوسرے منی ٹپرز گاڑیوں کے ذریعے میکنائزڈ کلیکشن ہو رہی تھی۔ اور تیسرے بڑے ڈھیروں اور اجتماعی قربان گاہوں سے ڈمپرز ٹرک اور فرنٹ اینڈ لوڈرز ان الائشوں کو مقررہ ڈسپوزل پوائنٹ پر تلف کیا جاتا تھا۔ آپریشن کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے اسٹاف کو عید پہلے دو روز ان کو ان کی کام کی جگہ پر کھانا مہیا کیا گیا۔عید آپریشن مکمل ہونے پر شہر بھر سے خون اور دیگر آلائشوں کے نشانات کو دھویا گیا اور اس جگہوں پر چونے کا استعمال بھی کیا گیا تاکہ شہر کے ماحول کو صاف رکھا جا سکے۔

اس سال پورے اسلام آباد بشمول دیہی علاقے، شہریوں کو بائیو ڈیگریڈایبل پلاسٹک بیگ دیئے گئے تاکہ شہری قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو محفوظ طریقے عملہ صفائی کے حوالے کر سکیں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی سی ڈی اے نے ضلعی انتظامیہ کو اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے الائشیں اٹھانے میں افرادی قوت اور مشینری کے امداد فراہم کی تاکہ یہ علاقہ جات بھی کسی بھی قسم کے تعفن سے پاک رہ سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے عید قرباں پر کئے گئے صفائی کے انتظامات کو تسلی بخش قراردیا اور سینی ٹیشن ونگ سمیت ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح سینی ٹیشن ونگ اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی جانب سے عید الاضحی کی خوشیوں کو بالائے طاق رکھ کر شہر کی صفائی اور خوبصورتی کو برقرار رکھا گیا اسی جوش و جذبے سے آئندہ بھی شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

جس سے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے تعاون کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جن کی وجہ سے ہی یہ آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ مزید برآں شہریوں کی جانب سے بھی عید قرباں پر صفائی آپریشن پر سی ڈی اے انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔