اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):سی ڈی اے نے اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیتے ہوئے متعدد کمرشل بلڈنگز کو سر بمہر کردیا۔ منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد شہر کو تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات سے پاک رکھنے کے لئے چیئرمین سی ڈی اےکیپٹن (ر) انوار الحق کی ہدایت پر تیزی سے کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
اسی سلسلے میں بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر منگل کے روز ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد کمرشل بلڈنگز کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کر دیا۔
بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر ایکسپریس وے پر کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 5 عمارات جو سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر تعمیر کی جارہی تھیں، کو سیل کرکے مالکان کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے انسداد تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے ناجائز تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر آپریشن کرنے میں مصروف ہے۔