شارجہ بلند و بالا عمارتوں میں آگ بجھانے کے لیے ڈرون کا استعمال

119

شارجہ۔7ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات شارجہ میں فائرفائٹنگ کے لیے آئندہ برس جدید ترین ڈرونز فراہم کر دیے جائیں گے۔امارات الیوم کے مطابق شارجہ شہری دفاع کے ڈائریکٹر کرنل سامی النقبی نے بتایا ہے کہ ڈرونز کے ذریعے فائر فائٹنگ کے تجربات کیے جا رہے ہیں جو کافی کامیاب رہے۔’ڈرون 150 میٹر کی بلندی پر محض 18 سیکنڈ میں پہنچ جاتا ہے جو 40 منزلہ عمارت کی اونچائی کے مساوی ہے۔ جدید ترین ڈرونز کو پائپ کے ذریعے جس واٹر ٹینک سے منسلک کیا جاتا ہے اس میں 5 ہزار لٹر پانی ہوتا ہے۔

فائرفائٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون کے ذریعے 15 میٹر کی دوری تک پانی پھینکا جاسکتا ہے جبکہ ڈرون میں انتہائی حساس اور اعلٰی کوالٹی کے کیمرے بھی نصب ہیں جن کے ذریعے گراؤنڈ کنٹرولنگ یونٹ متاثرہ مقام کا جائزہ لینے کے بعد آگ بجھانے کی کارروائی باآسانی انجام دے سکتا ہے۔کرنل النقبی نےکہا کہ آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں دو ڈرونز فائر فائٹنگ یونٹس کو فراہم کیے جائیں گے جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔